ڈانڈیلی 9/ فرروی (ایس او نیوز) مگر مچھ کے حملہ کے بعد لاپتہ ہونے والے نوجوان ارشد مدار خان کی لاش کالی ندی سے دستیاب ہوئی ہے ۔
جب ارشد مگر مچھ کے حملہ کا شکار ہوگیا تو اس کی تلاش شروع کر دی گئی ۔ دو دن تک مسلسل تلاشی کے بعد اس کی لاش پٹیل نگر کے قریب کالی ندی میں پائی گئی۔
رافٹ ٹیم میں شامل غوطہ خور سرفراز نے اس کی لاش ڈھونڈ نکالی۔ لاش کو پہلے گھر کے پاس لایا گیا پھر وہاں سے پوسٹ مارٹم کے لئے سرکاری اسپتال روانہ کر دیا گیا۔
سابق ایم ایل سی ایس ایل گھونٹنیکر نے ہاسپٹل پہنچ کر ارشد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ اس موقع پر مرحوم ارشد کے دوست اور علاقہ کے عوام نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرحوم ارشد کے بھائی کو محکمہ جنگلات میں ملازمت دی جائے ۔ اور اس طرح کی وارداتیں آئندہ نہ ہوں اس کے لئے ندی کنارے رکاوٹی دیواریں یا باڑھ تعمیر کی جائیں ۔
محکمہ جنگلات کے ریجنل فوریسٹ آفیسر بسوا راج نے یقین دلایا کہ مرحوم ارشد کے گھر والوں کو محکمہ کی جانب سے معاوضہ فراہم کرنے کی سمت میں وہ ضروری کارروائی کریں گے۔ مرحوم کے بھائی کو نوکری دینے کے تعلق سے اپنے اعلیٰ افسران کو تجویز بھیجیں گے ۔ ڈی وائی ایس پی گنیش کے ایل نے احتجاجیوں کو سمجھانے بجھانے کا کام کیا ۔ اس موقع پر تحصیلدار شئیلیش پرمانند ، میونسپل کمشنر آر ایس پوار وغیرہ موجود تھے ۔